58 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بر آمد ،183 افراد پکڑے:این سی سی آئی اے
پی ٹی اے غیر قانونی سمز کی فروحت روکنے میں ناکام رہی:ہائیکورٹ ،سماعت ملتوی
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ میں غیر قانونی موبائلز سمز بیچنے والے 2 ملزموں کی درخواست ضمانت پر سماعت ، جسٹس علی ضیاباجوہ نے قرار دیاکہ مجھ سمیت متعدد لوگوں کوبے نظیر انکم سپورٹ فنڈز کے جعلی میسج آتے ہیں کہ آپ فنڈ کے حقدار ہیں ،پورے پاکستان کے لوگوں کے ایڈریس ڈاک ویب سائیڈ پر پڑے ہیں ۔جسٹس علی ضیا باجوہ نے غیر قانونی سمز فروحت کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت پر سماعت کی، ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سید وقار اور ڈی جی حشمت کمال سمیت دیگر افسر عدالت میں پیش ہوئے ۔حشمت کمال نے بتایاکہ ہم نے 58 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بر آمد کیں ، 183 افراد گرفتار، مقدمات درج کئے۔ عدالت نے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،اس کے باوجود ملزموں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، حشمت آپ مزید ریسرچ کریں۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ نے پی ٹی اے وکیل سے استفسار کیاکہ کیا آپ نے کسی موبائل کمپنی کو شوکازنوٹس یا کوئی کارروائی نہیں کی،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی غیر قانونی طریقے سے سمز کی فروحت روکنے میں ناکام ہو گئی۔عدالت نے جواب مستردکرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔