اسد قیصر پیپلز پارٹی کو عدم اعتماد لانے کا مشورہ
پیپلز پارٹی آئین کی بحالی چاہتی ہے تو آئیں ملکر آگے بڑھتے ہیں،عدم اعتماد لانے سے جو گناہ ہیں شاید وہ دھل جائیں،سابق سپیکر ،حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پر غور ہوسکتا ، پی پی کے ساتھ بیٹھنا عمران کو پسند نہیں :سلمان اکرم پہلے اپنا گھر درست کریں : خواجہ آصف
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کو عدم اعتماد لانے کا مشورہ دیدیا پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی سنجیدہ ہے تو عدم اعتماد لے کر آئے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے حکومت سے جان چھڑائی جائے تو عدم اعتماد ضروری ہے۔ایک انٹرویو میں اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بغیر کسی شرط کے پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی، ہمیں کچھ نہیں چاہیے، اس ناجائز حکومت کو پیپلز پارٹی نے کندھا دیا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں جو ظلم ہوا پیپلز پارٹی والے وہ مراعات بھی لے رہے ہیں، جو قانون سازی ہو رہی ہے اس میں پیپلز پارٹی برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اس میں بھی پیپلز پارٹی برابر کی شریک ہے، پیپلز پارٹی اس سب سے جان چھڑانا چاہتی ہے اور آئین کی بحالی چاہتی ہے تو عملی اقدام کرے، اگر پیپلز پارٹی آئین کی بحالی کی کوشش کرتی ہے تو آئیں اکٹھے بڑھتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے جو گناہ ہیں شاید وہ دھل جائیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر کو عدم اعتماد کی بات کرنے سے پہلے اپنا گھر درست کرنا چاہیے۔اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے گھر کو چھوڑدیں ہم اپنا گھرسنبھال لیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت معاملات کو سنبھال لے گی۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پشاور جلسے سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کو پارٹی دیکھے گی۔ ابھی اس بارے میں کوئی بات نہیں کرسکتا، حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پر غور ہوسکتا ہے لیکن پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت سازی کیلئے اتحاد ممکن نہیں۔ پنجاب حکومت نے مزید ہزیمت اٹھانے کی بجائے جیل ٹرائل بحال کرکے اچھا فیصلہ کیا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ عدم اعتماد لانے کی صورت میں اگر کوئی پارٹی حکومت نہیں بنا سکتی تو نئے انتخابات ہونے چاہئیں، پیپلزپارٹی کیساتھ حکومت میں بیٹھنا بانی پی ٹی آئی کو منظور نہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی نورا کشتی چل رہی ہے جو چند دن میں ختم ہو جائے گی۔ہوسکتا ہے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے انتخاب پر پارٹی میں مختلف رائے ہوسکتی ہے لیکن یہ اب ماضی ہے۔محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس بانی کا انتخاب ہے۔ توشہ خانہ ٹو میں جو بھی سزا ہوگی وہ ٹھہر نہیں پائے گی۔خیبر پختونخوا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سویلین ٹرائلز کے حوالے سے بڑا واضح فیصلہ دیا مگر 26ویں ترمیم کے بعد اسی سپریم کورٹ نے اپنے ہی فیصلے کو اڑا کر رکھ دیا، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو رہا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم نے ملک کے عدالتی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ اس کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے، آج سپریم کورٹ 26ویں ترمیم کے سیاہ سائے میں کام کر رہی ہے۔