وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری ہے، جس میں 2200 سے زائد ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرمِ عمل ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق، اب تک 24 فیصد سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔ فلڈ سروے کے دوران 2 لاکھ سے زائد متاثرین کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں، جبکہ ٹیموں نے 6 لاکھ ایکڑ سیلاب سے متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی ہے۔رپورٹ کے مطابق، 56 ہزار 735 مکانات کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، جن میں مکمل طور پر تباہ اور جزوی طور پر متاثرہ مکانات شامل ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ مختلف اضلاع سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق، سیلاب سے 7293 مویشی ہلاک ہوئے، جن میں 5789 بڑے جانور اور 1504 چھوٹے مویشی شامل ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سروے ٹیمیں گھر گھر جا کر متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں، اور حکومت کا ہدف ہے کہ سروے اور امداد کا عمل بروقت مکمل کیا جائے۔