باکو میں آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، جس میں خاص طور پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو خصوصی دعوت دی گئی تھی۔
شہبازشریف الہام علیوف کی دعوت پر اس اہم تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے، جہاں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے قومی ترانے بجائے گئے اور تمام مہمانوں نے محبت اور اتحاد کا پیغام دیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے خصوصی دستے نے یوم فتح کی پریڈ میں شاندار پرفارمنس دی۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں تیںوں ممالک کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان نے آذربائیجان کے ساتھ اظہار یکجہتی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اور انہوں نے شہباز شریف کی تقریب میں شرکت پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم فتح کے اس موقع پر آذربائیجان کی قوم خاص طور پر خوش ہے اور اپنے دوست ممالک کے دستوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر علیوف نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی قوم کو اس تاریخی دن کی مبارکباد دیتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔اس تقریب میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سفارتی و عسکری رہنماؤں کے علاوہ دیگر معزز مہمان بھی شریک تھے، جنہوں نے اس اہم موقع کو مل کر منایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔