اسلام آباد / انقرہ (ویب ڈیسک) : ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاکستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور بھارت کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ترک صدر نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی قدر کرتا ہے اور کشیدگی کم کرنے میں معاون کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک قوم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے سفارتی اقدامات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا بلااشتعال میزائل حملہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس جارحیت کے نتیجے میں 26 بے گناہ مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے جو ناقابلِ قبول ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ تیار ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو پہلگام واقعے سے جوڑنے کی کوششوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کرکے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے۔ترک صدر نے یہ بھی بتایا کہ ترک وزیر خارجہ نے آج پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ، پاکستان کے دیرینہ دوست کی حیثیت سے امن قائم رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔