دل ٹوٹنے کے بعد رونا ضروری ہے:صائمہ قریشی

 دل ٹوٹنے کے بعد رونا ضروری ہے:صائمہ قریشی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی  سینئر اداکارہ صائمہ قریشی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران اپنے دل ٹوٹنے اور طلاق کے تجربے کا انکشاف کیا۔

 انہوں نے بتایا کہ ان کے دل کا ٹوٹنا اس وقت ہوا جب ان کی شادی ختم ہوئی تھی، اور اس صدمے سے وہ بہت گہری غمگین ہوگئیں، حتیٰ کہ انہیں لگا کہ دنیا ہی ختم ہو جائے گی۔صائمہ قریشی کا کہنا تھا کہ جب انسان حقیقت کو تسلیم کر لیتا ہے کہ جو ہونا تھا، وہ ہو چکا ہے، تو حالات سے سمجھوتہ کر کے آگے بڑھنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ جس کسی کا دل ٹوٹا ہے، اسے چاہیے کہ وہ رونا شروع کرے تاکہ اندر کا غبار نکل جائے، یا پھر لکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کرے، کیونکہ لکھنا بھی جذبات کے اظہار کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ خواتین اپنی شادیوں کو بچانے کے لیے بہت کوشش کرتی ہیں، لیکن بعض خصلتیں مردوں میں ایسی ہوتی ہیں جنہیں کبھی بدلا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے لیے لڑتی رہیں، مگر کچھ بھی بچا نہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عورت طلاق نہیں لینا چاہتی، مگر ان کے لیے یہ ایک مشکل مرحلہ تھا، خاص طور پر جب ان کے والد کی موت کے بعد یہ مسئلہ سامنے آیا۔