پاکستان: اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک بار پھر اپنے متنازع بیان پر اصرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی، برکت صرف مرد کی کمائی میں ہوتی ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے صائمہ قریشی نے وضاحت کی کہ وہ اپنی بات خاص طور پر ان خواتین کے لیے کہہ رہی ہیں جو بالکل تنہا کما رہی ہیں اور کسی خاندانی یا شوہر کی حمایت سے مستفید نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی عورت کی کمائی میں برکت ہوتی تو وہ آج تک اپنا گھر بنا چکی ہوتیں، لیکن وہ اب بھی کرایے کے مکان میں رہ رہی ہیں۔پوڈکاسٹ کے میزبان کے سوال پر کہ ’’اگر آپ مرد ہوتیں تو کیا اپنا گھر بنا لیتیں؟‘‘ صائمہ قریشی نے جواب دیا: ’’ممکن ہے کہ اگر میں مرد ہوتی تو اپنا گھر بنا چکی ہوتی۔ مجھے آج بھی یہی لگتا ہے کہ مرد کی کمائی میں برکت ہے۔‘‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ جو خواتین خوش ہیں اور سمجھتی ہیں کہ ان کی کمائی میں برکت ہے، درحقیقت انہیں کہیں نہ کہیں خاندانی حمایت یا شوہر کی سپورٹ حاصل ہے۔صائمہ قریشی کے اس موقف پر پہلے بھی عوامی تنقید ہو چکی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی تجربات کی بنیاد پر یہ بات کر رہی ہیں اور ان کا مقصد خواتین کی حوصلہ شکنی نہیں بلکہ معاشرتی حقیقتوں کو اجاگر کرنا ہے۔