مسجد نبویؐ ریاض الجنہ کے یومیہ زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ

مسجد نبویؐ ریاض الجنہ کے یومیہ زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ

سعودی عرب میں وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ نسک ایپ کے ذریعے داخلے کے نظام کو منظم کرنے سے گزشتہ تین سالوں میں مسجد نبویؐ میں ریاض الجنہ کی روزانہ زیارت کے پرمٹس کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

 ابتدا میں یہ تعداد 7 ہزار تھی جو اب بڑھ کر 54 ہزار روزانہ ہو چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق، وزارت حج نے حج اور عمرہ کے شعبے میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے دوسرے مرحلے پر کام شروع کیا ہے۔ اس کے تحت، دنیا بھر سے آنے والے زائرین اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’نسک‘ پورٹل کی سروسز کو بہتر بنایا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج کے مطابق، مملکت سرکاری اور نجی شعبوں میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے حوالے سے دنیا کے بہترین ممالک میں شامل ہے۔اس کے علاوہ، وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز صالح الجاسر نے بتایا کہ ڈیجیٹل تبدیلی، ترقی اور ایجاد کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

 وزارت جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے، جیسے کہ ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑی کا تجربہ، جس کے تحت اب تک ایک ہزار افراد مستفید ہو چکے ہیں۔وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے بھی کان کنی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا، جس سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اس مجموعی کوشش سے سعودی عرب ڈیجیٹل خدمات اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک ممتاز مقام حاصل کر رہا ہے۔