امریکا میں شٹ ڈاؤن،800سے زائد پروازیں منسوخ

 شکاگو، ہیوسٹن ، لاس اینجلس سمیت 40 ایئرپورٹس پر پروازوں میں کمی 
واشنگٹن کے فوجی اڈے پر مشکوک پیکٹ کھلنے کے بعد متعدد افراد بیمار ہو گئے
واشنگٹن (خصوصی رپورٹ)امریکا میں وفاقی بجٹ کی منظوری میں تعطل کے باعث ایئر ٹریفک نظام شدید دبا ئو کا شکار ہوگیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے بغیر معاوضہ کام کرنے کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ملک بھر میں پروازوں میں کمی کا حکم دیا ہے، جس کے نتیجے میں جمعہ کو آٹھ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ اٹلانٹا، شکاگو، ہیوسٹن اور لاس اینجلس سمیت چالیس بڑے ایئرپورٹس پر آپریشن کم کر دئیے گئے ہیں۔ امریکی کانگریس میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کے درمیان بجٹ تنازع چھ ہفتوں سے جاری ہے، جس کے باعث ہزاروں سرکاری ملازمین یا تو گھروں پر ہیں یا بغیر تنخواہ کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب واشنگٹن میں فوجی اڈے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ایک مشکوک پیکٹ کھلنے کے بعد متعدد افراد بیمار ہو گئے۔ بیس کے بعض حصے خالی کرا دئیے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیکٹ میں سفید پا ئوڈر اور سیاسی مواد موجود تھا۔ یہ بیس صدر اور اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کی پروازوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ امریکی عہدے داروں نے ابھی تک اس واقعے کی تصدیق مکمل طور پر نہیں کی۔