لاہور (کرائم رپورٹر ) شہر میں شدید گرمی اور آلودہ پانی کے باعث ٹائیفائیڈ کے مریضوں میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 7 دنوں کے دوران شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ٹائیفائیڈ کے 800 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔سب سے زیادہ کیسز چلڈرن ہسپتال میں رپورٹ ہوئے جہاں 7 دن میں 270 سے زائد بچے ٹائیفائیڈ کا شکار ہوئے۔ میو ہسپتال میں 190، سروسز ہسپتال میں 150 اور جناح ہسپتال میں 110 مریض زیر علاج ہیں۔ اسی طرح لاہور جنرل ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں بھی 100 سے زائد مریض سامنے آئے ہیں۔