ممبئی (آئی این پی ) پاکستان کی جانب سے بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنے فضائی حدود کو 1 ماہ کے لیے بند کر نے کے بعد بھارتی طیاروں اور مسافروں کو شدید مشکلات سامنا ہے۔پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی دھمکیوں کے جواب میں کیا گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے بعد کئی بھارتی پروازوں کو اپنا راستہ بدلنا پڑا۔ شروعات میں پروازوں نے ایندھن بھرنے اور فوری طور پر واپس جانے کے لیے قریب ترین ایئرپورٹس پر انحراف کیا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ معمول بن گیا۔ انڈیگو کی ایک پرواز جو شارجہ سے امرتسر جا رہی تھی، اس نے اپنا راستہ بدلا اور احمد آباد میں رک کر پھر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئی۔ ایئر انڈیا کی پروازیں لندن اور پیرس سے ابو ظہبی تک تبدیل ہوئیں، جبکہ شمالی امریکا سے آنے والی پروازیں وینا اور کوپن ہیگن کی جانب موڑی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے فیصلے کے بعد بعض پروازوں میں 3سے 6اضافی گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔تکنیکی سٹاپ ایئر انڈیا کے شیڈول کو متاثر کر رہے ہیں کیوں کہ جتنی زیادہ پروازیں لینڈ کرتی ہیں، اتنی ہی زیادہ چیکنگ کی ضرورت پیش آتی ہے۔