ایک ماہ گزرنے کے باوجود سمری پر تاحال عملدرآمد نہ ہو سکا
لاہور (خصوصی رپورٹ)نئے مالی سال کے آغاز پر پنجاب حکومت نے لاہور میں سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر کے لیے 20 ارب 12 کروڑ 20 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز کی منظوری دی۔ان میں سے 10 ارب روپے پہلے ہی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جاری کیے جا چکے ہیں۔تاہم ایل ڈی اے نے باقی 10 ارب 12 کروڑ روپے کے اجرا کے لیے 6 اکتوبر کو پنجاب حکومت کو سمری ارسال کی تھی -ایک ماہ گزرنے کے باوجود اس سمری پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ان سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر کے لیے چار ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کی سٹرکچر پلان روڈ ایک سال کے اندر مکمل کی جائے گی۔شعبہ انجینئرنگ نے دستیاب وسائل کے تحت تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں ،تاہم فنڈز کے اجرا کے بغیر جاری رفتار کو برقرار رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔ادھر محکمہ خزانہ پنجاب نے سمری پر غور تو شروع کر دیا ہے، مگرمنصوبوں کے مالیاتی تقاضے تاحال زیرِ تجزیہ ہیں۔فنڈز کے اجرا میں تاخیر سے لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کے شیڈول میں تعطل پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے نے حکومت سے جلد فنڈز ریلیز کرنے کی درخواست دوبارہ دائر کر دی ہے۔