ریلوے سٹیشن سے آزادی انٹر چینج اپ گریڈیشن کافیصلہ

13ارب کا پیکیج 2حصوں میں تقسیم ، ذمہ داریاں ایل ڈی اے ، ٹیپا کے سپرد
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے ریلوے سٹیشن سے آزادی انٹرچینج تک تین کلومیٹر کے دائرے کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔13 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے ذمہ داریاں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹیپا کے سپرد کر دی گئیں۔ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ترقیاتی پیکیج کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے تحت زون ون کی نگرانی ایل ڈی اے جبکہ زون ٹو اور تھری ٹیپا کے ماتحت ہوں گے۔تاہم منصوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ فنڈنگ بن گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر ایل ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ منصوبہ اپنے وسائل سے شروع کیا جائے،مگر ادارے کے پاس اتنے ذاتی فنڈز موجود نہیں۔ ایل ڈی اے نے حکومت پنجاب کو تحریری طور پر فنڈز کی فراہمی کی استدعا کر دی ہے،لیکن تاحال حکومت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کا آغاز فنڈز کے اجرا سے مشروط ہو چکا ہیاور اگر بروقت رقوم جاری نہ ہوئیں تو ترقیاتی پیکیج کے تاخیر کا خدشہ بڑھ جائے گا۔