مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی بائیوپک کا پہلا ٹریلر جاری

مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی بائیوپک کا پہلا ٹریلر جاری

پاپ موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی بائیوپک فلم ’مائیکل‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔

اس فلم میں مرحوم گلوکار مائیکل جیکسن کا کردار ان کے بھتیجے، جعفر جیکسن ادا کریں گے۔ جعفر جیکسن، مائیکل کے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں اور گلوکاری کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں، اور یہ پہلی بار کسی بڑے فلمی پراجیکٹ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔فلم کی ہدایت کاری اینٹون فوکا نے کی ہے، جبکہ کہانی جان لوگن نے تحریر کی ہے۔ یہ بائیوپک مائیکل جیکسن کی زندگی کے اہم پیشہ ورانہ مراحل، ان کے میوزیکل سفر، اسٹیج پرفارمنسز اور عالمی شہرت حاصل کرنے کے سفر کو دکھاتی ہے۔

 ٹریلر میں جعفر جیکسن کو مائیکل کے انداز میں چلتے، باتیں کرتے، گاتے اور مشہور مون واک کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔فلم میں مائیکل جیکسن کے کیریئر کے نمایاں پہلوؤں پر توجہ دی گئی ہے، مگر ان کی ذاتی زندگی اور تنازعات کو شامل نہیں کیا گیا۔ یہ فلم 24 اپریل 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔