ہتک عزت کے قوانین بناد یئے‘ اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی مریم نواز

پنجاب میں جرائم کی شرح نیچے آئی ہے ‘ خواتین خود کو محفوظ تصور کررہی ہیں‘ 51 فیصد خواتین  اپنا حصہ نہیں ڈالیں گی تو پاکستان ترقی کیسے کرے گا
پہلی مرتبہ پنجاب کوپ 30میں بطور مبصر کی حیثیت سے نہیں بلکہ باقاعدہ طور پر شریک ہورہا ہے،پنجاب کے پراجیکٹ پیش کئے جائیں گے: لندن میں گفتگو
لندن  (آئی این پی) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  ہتک عزت کے قوانین بنادیے ہیں اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی۔ایون فیلڈ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ڈیڑھ برس میں وہ کام ہوئے جنہیں اب گلوبل اسٹیج پر لے کر جارہے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح نیچے آئی ہے اور خواتین خود کو محفوظ تصور کررہی ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ 51 فیصد خواتین اگر اپنا حصہ نہیں ڈالیں گی تو پاکستان ترقی کیسے کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی میں شہباز شریف کا ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ میں ان کی ایکسٹینشن ہوں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کی طرف سے جو پیار ملا وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔وزیر اعلی پنجاب نے کہ بھارت کے حملے کے بعد جس طرح پاکستان نے جواب دیا اس کا کریڈٹ فیلڈ مارشل کی قیادت اور پوری فوج کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا  پہلی مرتبہ پنجاب کوپ30 میں بطور مبصر کی حیثیت سے نہیں بلکہ باقاعدہ طور پر شریک ہورہا ہے۔ ستھراپنجاب دنیا کا منظم ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے۔ پنجاب میں ای موبلٹی شروع ہوچکا ہے، الیکٹرک بسیں اور الیکٹرک بائیک لائے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کو بتدریج گرین انرجی پر شفٹ کیا جارہا ہے۔ ٹورازم، وائلڈ لائف اور ماحولیات میں بہتری کے لئے خاطرخواہ کام کیے ہیں۔ سموگ میں کمی اور خاتمے کے لئے اقدامات کو دنیا تسلیم کررہی ہے۔