راولپنڈی: عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بھائی کا پیغام عوام، وکلا، اور پارٹی ارکان تک پہنچایا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قربانی دی جائے اور لاقانونیت کے خلاف کھڑا ہوا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی عدلیہ اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے وکلا سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات میں تحریک چلائیں، جیسے مشرف دور میں بھی وکلا نے تحریک چلائی تھی۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان کا پیغام ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی ہے کہ وہ 9 نومبر کے جلسے میں شریک ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام سے بھی کہا ہے کہ وہ آزادی اور انصاف کے لیے سڑکوں پر نکلیں اور اپنا حق حاصل کریں۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ موجودہ نظام کے خلاف عوام کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، اور جلد ان کے پروگرام کے ذریعے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جب بھی جیل حکام سے بات کی جاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ انہیں اوپر سے احکامات ملے ہیں۔