پاکستان کے سات شہر فضائی آلودگی میں سب سے آگے، ملتان ٹاپ پر

پاکستان کے سات شہر فضائی آلودگی میں سب سے آگے، ملتان ٹاپ پر

ویب ڈیسک:پاکستان کے سات شہر ماحولیاتی آلودگی میں سب سے آگے ہیں، اور ملتان فضائی آلودگی میں 2135 اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ لاہور 676 اسکور کے ساتھ دوسرے، پشاور 290 اسکور کے ساتھ تیسرے، اور اسلام آباد 245 اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگلے ہفتے اسموگ کی صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔ پنجاب حکومت نے اسموگ کی شدت پر قابو پانے کے لیے 8 نومبر سے 17 نومبر تک پارکس، تفریحی گاہوں اور عجائب گھروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پنجاب میں اینٹی اسموگ اقدامات کے تحت باربرداری کی گاڑیوں کو ترپال سے ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، لاہور میں جنریٹرز اور دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جس کے تحت 47 گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں، 31 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، اور 5 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکالیں اور ماسک کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ، شہر میں پانی کا چھڑکاؤ جاری ہے تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔