لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا، جہاں مجموعی فضائی آلودگی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 210 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں صورتحال تشویشناک رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن میں AQI 215، ماڈل ٹاؤن میں 210، اے آر سی کے اطراف 201، پیراگون میں 194، برکی روڈ پر 183، ڈی ایچ اے میں 177، بیدیاں روڈ کے اطراف 176 جبکہ عسکری 10 میں 156 ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب لاہور میں موسم کی شدت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری جبکہ کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں ہوائیں اس وقت 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو دن کے دوران بڑھ کر 10 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی بلند سطح کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مسائل سے دوچار افراد کو غیر ضروری طور پر کھلے ماحول میں جانے سے گریز کرنا چاہیے اور آلودگی زیادہ ہونے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔