ٹرمپ کی کال پر بانی پی ٹی آئی کی حوالگی ممکن نہیں:خواجہ آصف

نواز شریف کو کال کیساتھ 5 ارب ڈالر کی آفر آئی ، انکارکرکیا یٹمی دھماکہ کیا
کال پر انکار کی جرات نہ کرنے کی باتیں کرنیوالے اپنی ادائوں پرغور کریں:وزیردفاع
 اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی امریکا حوالگی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہیں لگتا ٹرمپ عمران خان کی رہائی کا کہیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ کی کال پر بانی پی ٹی آئی کی حوالگی ممکن نہیں،ہم نے امریکا کوپہلے بھی انکار کیاتھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے لکھا کہ ٓبعض افراد کا کہنا ہے کہ امریکا سے کال آنے کی دیر ہے اور عمران خان کو کال کرنے والوں کے حوالے کر دیا جائے گا اور پاکستان کال پر انکار کرنے کی جرات نہیں کرسکتا۔خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کو کال کے ساتھ 5 ارب ڈالر کی آفر بھی آئی تھی مگر انہوں نے انکار کیا اور ایٹمی دھماکا کیا جبکہ مشرف کو کال آئی تو وہ لیٹ گیا اور جو کچھ حکم ملا اس سے زیادہ پرراضی ہوا۔ان کا کہناتھا کہ نائن الیون والی والی جنگ بند ہوچکی ہے، افغانستان میں امن ہے لیکن پاکستان دہشت گردی کی شکل میں آج بھی اس کے نتائج بھگت رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بیانات دینے والے وہ لوگ ہیں نواز شریف نے جب انکار کیا تو اس کے ساتھ تھے، پرویز مشرف نے جب ہتھیار ڈالے تو اسکے ساتھ تھے ،یہ آپ اپنی ادائوں پر غور کریں۔