لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے ایک اے ایس آئی محمد اویس، جو کہ تھانہ کاہنہ میں تعینات ہیں، کلمہ چوک پل کے قریب ایک گاڑی سے تصادم میں شدید زخمی ہو گئے۔ نامعلوم گاڑی سے تصادم کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے رات گئے زخمی جوان کی عیادت کے لیے جنرل ہسپتال پہنچے اور وارڈ میں اہلکار کے خاندان اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے محمد اویس کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ اے ایس آئی محمد اویس اپنی ڈیوٹی کے دوران کلمہ چوک سے کاہنہ جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے حادثے میں ملوث گاڑی کی تلاش جاری ہے۔فیصل کامران نے اہلکار کی فیملی کو دلاسہ دیا انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس ایک خاندان کی طرح ہے اور زخمی جوان کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔