کوئٹہ:تربت میں ہونے والے ایک قبائلی جرگے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے خاندانوں کی مدد کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ، آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)، وزراء، قبائلی عمائدین، خواتین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
جرگے کے آغاز میں شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس دوران بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اسکالرشپ کے اعلان کا بھی بتایا گیا تاکہ ان کی تعلیم اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔قبائلی عمائدین نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ علاقے کی ترقی اور امن کے لیے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
یہ جرگہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان کے عوام امن و ترقی کی جانب گامزن ہیں اور تمام ادارے اس مقصد کے لیے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔