خیبرپختونخوا حکومت نے اب تک صرف 2 جرگے اور 4 ایپکس کمیٹی میٹنگز کی ہیں:عظمی بخاری

 خیبرپختونخوا حکومت نے اب تک صرف 2 جرگے اور 4 ایپکس کمیٹی میٹنگز کی ہیں:عظمی بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مجھے کتاب بھجوائی جس میں اپنے کارنامے بتائے گئے ہیں، مگر ان میں اسلام آباد اور لاہور پر حملوں کا ذکر نہیں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام دہشت گردی کی جنگ میں جھلس رہے ہیں، اور موجودہ حکومت کی کارکردگی صرف 2 جرگوں اور 4 ایپکس کمیٹی میٹنگز تک محدود ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور پڑھے لکھے نہیں ہیں، اور ان کی حکومت نے بی آر ٹی کے کرائے میں غیر معمولی اضافہ کیا، جبکہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے ہیں، جیسے کہ اورنج لائن اور میٹرو منصوبے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی لاگت 120 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ پنجاب میں اسی رقم سے تین کامیاب ٹرانسپورٹ منصوبے چل رہے ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے تعلیمی کارڈ پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے 2027 تک تعلیمی کارڈ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پنجاب میں مریم نواز نے ہونہار سکالرشپس پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت ہزاروں بچوں کو سکالرشپ دی جا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں صرف 173 نوکریاں پیدا کی گئیں، جب کہ پنجاب میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا گیا۔ رمضان المبارک میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے 80 رمضان بازار قائم کیے ہیں، جہاں ڈی سی ریٹ سے کم قیمتوں پر معیاری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔