لاہور کے پوش علاقوں میں جعلی دودھ سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام، 32,600 لیٹر مضر صحت دودھ تلف
تفصیلات کے مطابق لاہور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے نواحی علاقے بھونی کی موہر میں ایک ڈیری یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں ایک ملزم جعلی دودھ تیار کر رہا تھا۔ یہ دودھ تیار کرنے کے لیے ناقص بناسپتی گھی میں کیمیکلز، پاؤڈر، پانی اور گاڑھا کرنے والے کیمیکلز کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ دودھ کا رنگ اور ذائقہ برقرار رکھنے کے لیے مضر صحت کیمیکلز اور چینی کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔
فوڈ سیفٹی حکام کے مطابق ملزم لاہور کی پوش سوسائٹیوں میں جعلی دودھ کی سپلائی کر رہا تھا۔ چھاپے کے دوران 32,600 لیٹر جعلی دودھ تلف کر دیا گیا کیونکہ دودھ کے ٹیسٹ فیل ہوگئے تھے۔
اس دوران 1136 کلو ناقص گھی، 75 کلو پاؤڈر، 50 کلو چینی، 17 ڈرم، 4 مکسنگ مشینیں، 2 پمپ، 160 خالی ٹین اور پاؤڈر کی بوریاں بھی ضبط کی گئیں۔فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ یہ ایک سنگین واقعہ تھا اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔