ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی، عوامی اور نجی شعبوں کے مابین تعاون بڑھایا جائے گا
اماراتی خاندانوں کی تشکیل اور ان کیلئے مناسب ماحول پیدا کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے: صدر شیخ محمد بن زاید ید آل نہیان
دبئی(پبلک نیوز)متحدہ عرب امارات کے سالانہ حکومتی اجلاس میں اہم فیصلے کر لیے گئے، پائیداری کے اہداف کے حصول کے لیے تجدیدی توانائی میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی، حکومت نے عوامی اور نجی شعبوں کے مابین تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا، سماجی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے پروگرامز متعارف کرائے۔متحدہ عرب امارات حکومت کا سالانہ اجلاس ہوا، صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نائب صدر شیخ منصور بن زاید آل نہیان، وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد، وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید، اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ صدر شیخ محمد بن زاید نے کہا اماراتی خاندانوں کی تشکیل اور ان کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ شیخ منصور بن زاید نے معاشی ترقی کے لیے نئے سرمایہ کاری کے راستوں کی اہمیت پر زور دیا، شیخ حمدان بن محمد بن رشید آل مکتوم نے تعلیم اور انسانی ترقی کی ضرورت پر بات کی۔شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے مالی استحکام کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی، یو اے ای کی معیشت کی لچک اور بینکنگ سیکٹر کی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔ کونسل نے عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود معیشت کی مضبوطی کو سراہا۔شیخ منصور بن زاید آل نہیان اور شیخ سیف بن زاید آل نہیان نے "یونین ٹیمز" کی شاندار خدمات کو سراہا۔ابوظہبی کے ولی عہد، شیخ خالد بن محمد نے یو اے ای کے ٹیلنٹ سے متعلق سیشن میں شرکت کی۔ شیخ خالد بن محمد نے اماراتی ٹیلنٹ کے لیے قومی پروگرامز مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔سالانہ اجلاس کے دوران یو اے ای میں نجی شعبے میں اماراتی خواتین کی قیادت اور شرکت بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے سے خواتین کو معاشی اور سماجی شعبوں میں مزید مواقع ملیں گے۔