خیبرپختونخوا کے عوام ہمارے بھائی ہیں انہیں ان کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا
دانش سکول اور معیاری تعلیم کیلئے اقدامات کر رہے ہیں:فیصل کریم کنڈی سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(بیورو رپورٹ )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بحالی وفاق کی ترجیحات میں شامل ہے، خیبرپختونخوا کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی فلاح و بہبود وفاق کی اولین ترجیح ہے، صوبے کے عوام کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جائے گا ، وفاقی حکومت صوبہ میں دانش سکول کے قیام اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نیگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعا ت عطا اللہ تارڑ اور گورنرکے پی کے فیصل کنڈی کے درمیان جمعرات کو یہاں اہم ملاقات ہوئی ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور صوبائی حکومت کی عدم توجہ، معاشی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں مشغولیت، صوبے میں دانش سکول کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کے حوالے سے موجودہ صورتحال، اس میں بہتری کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر اطلاعات نے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔