خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مزید الیکٹرک اسکوٹیز کی خریداری کا فیصلہ

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مزید الیکٹرک اسکوٹیز کی خریداری کا فیصلہ

سندھ حکومت نے خواتین کے لیے محفوظ اور موثر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے 1000 پنک الیکٹرک اسکوٹیز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔  
یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی صدارت میں اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں سندھ بھر میں خواتین کے لیے جدید سفری نظام کے اقدامات کی منظوری دی گئی۔  اجلاس میں اسکوٹیز کی رجسٹریشن میں درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کرنے اور ان کی فراہمی کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔  اس کے علاوہ، ماس ٹرانزٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت لاڑکانہ، حیدرآباد، دادو، سیہون سمیت دیگر اضلاع میں جلد بس سروس شروع کی جائے گی، اور خیرپور سے روہڑی اور رانی پور کے نئے روٹس آئندہ ہفتے سے فعال ہوں گے۔  
کراچی کے لیے آئندہ چند ماہ میں مزید بسوں کی وصولی کی توقع ہے، اور پہلی بار ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔  شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کی سہولیات اولین ترجیح ہیں، اور منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی۔  ان اقدامات کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔