چینی صنعت کاروں کی شرجیل میمن سے الیکٹرک اسکوٹیز پر سرمایہ کاری کی بات چیت

چینی صنعت کاروں کی شرجیل میمن سے الیکٹرک اسکوٹیز پر سرمایہ کاری کی بات چیت

کراچی:چینی صنعت کاروں کا ایک وفد جو الیکٹرک اسکوٹیز بنانے میں ماہر ہے، نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی اور سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

 ملاقات کے دوران سندھ میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) متعارف کروانے اور ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر بات چیت کی گئی۔چینی وفد نے اپنی جدید ٹیکنالوجی اور ماحول دوست سفری سہولتوں کی تجویز پیش کی اور حکومت سندھ کو ٹرانسپورٹ سسٹمز کو جدید بنانے کے لیے اپنے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسیاں فراہم کرے گی اور اس حوالے سے مکمل تعاون کرے گی۔ وزیر نے چینی صنعت کاروں کو سندھ میں الیکٹرک وہیکلز کا مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے خواتین اور طالبات کے لیے ایک ہزار الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کے ذریعے صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اس تعاون سے سندھ میں جدید، ماحول دوست اور توانائی بچانے والی ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کروانے کی راہ ہموار ہو گی، جو نہ صرف ماحولیاتی فوائد فراہم کرے گا بلکہ اس سے مقامی معیشت کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔