آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے باوجود ایک ملین بیرل تیل لے کر پہلا آئل ٹینکر جنوبی کوریا پہنچ گیا

آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے باوجود ایک ملین بیرل تیل لے کر پہلا آئل ٹینکر جنوبی کوریا پہنچ گیا

جنوبی کوریا میں آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے باوجود خام تیل لے جانے والا پہلا جہاز پہنچ گیا ہے، جس سے ملک میں توانائی کی سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، مالٹا کے پرچم بردار آئل ٹینکر اوڈیسا کو جمعہ کی صبح جنوبی کوریا کے شہر سیوسان کے ساحلی علاقے کے قریب دیکھا گیا۔ یہ جہاز تقریباً 10 لاکھ بیرل خام تیل لے کر پہنچا ہے۔ یہ جہاز ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں نافذ ناکہ بندی کے دوران اس اہم بحری راستے سے گزرنے والا پہلا آئل ٹینکر ہے، جس نے 17 اپریل کو آبنائے ہرمز عبور کیا تھا۔ اس شپمنٹ کی آمد سے جنوبی کوریا میں تیل کی سپلائی اور توانائی کے تحفظ کے خدشات میں کمی آنے کی توقع ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث عالمی تیل سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خام تیل کو ریفائنری میں پراسیس کرنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی صورت میں فراہم کیا جائے گا۔ دوسری جانب، جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ نے رپورٹ کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کے قریب دھماکے اور آگ سے متاثر ہونے والا جنوبی کوریائی جہاز بھی دبئی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ حکام کے مطابق، دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور جنوبی کوریا نے تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی الزام پر حتمی رائے دینے سے گریز کیا ہے۔