کمپنی کی رقم خردبرد کرنے کا منصوبہ، جھوٹی کال پر تین ملزم گرفتار، مقدمہ درج
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ سندر کے علاقے میں ریسٹورنٹ رائیڈر کی جانب سے مبینہ ڈکیتی کی اطلاع کا ڈراپ سین ہو گیا، پولیس نے تحقیقات کے بعد واقعہ کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے مرکزی ملزم احسان کو اس کے دو ساتھیوں احمد اعجاز اور حسنین سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ایمرجنسی نمبر 15 پر کال کر کے 3 لاکھ 46 ہزار روپے، موبائل فون اور پرس چھینے جانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم شواہد اور بیانات کی روشنی میں یہ کہانی جھوٹی ثابت ہوئی، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم بحریہ ٹائون سے کمپنی کی رقم بینک میں جمع کرانے نکلا تھا لیکن خردبرد کی نیت سے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن پر جھوٹی اطلاع دینا جرم ہے اور صرف حقیقی حالات میں ہی رابطہ کیا جائے۔