ایم کیو ایم معرکہ حق کی سالگرہ پر تین روزہ جشن فتح منائے گی

  کامران ٹیسوری آج  معرکہ حق کے حوالے سے تقریب منعقد کریں گے ،اعلامیہ 
 کراچی(آئی این پی  ) ایم کیو ایم پاکستان نے    بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر  جشن فتح بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تین روزہ تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایم کیو ایم کے جاری اعلامیہ کے مطابق تین روزہ جشن فتح 8 سے 10 مئی تک منایا جائے گا۔ اس جشن میں ریلیاں اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔سابق گورنرسندھ کامران ٹیسوری آج  8 مئی کو معرکہ حق کے حوالے سے تقریب منعقد کریں گے۔کل جمعہ 9 مئی کو ایم کیو ایم کی جانب سے پریس کلب کے سامنے عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس میں شہر بھر سے کارکنان ریلیوں کی صورت میں معرکہ حق کی فتح کا جشن منانے کے لیے جمع ہوں گے۔10 مئی کو معرکہ حق کی کامیابی کے حوالے سے گرینڈ تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں مختلف طبقات اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔تین روزہ تقریبات میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین اور ملکی سلامتی اور بقا کی خاطر جانیں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔