ہم نے آزادی کی قدر نہیں کی، ہمیں اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے،کامران ٹیسوری
کراچی(آئی این پی ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اگلا معرکہ حق معرکہ کشمیر ہوگا،پاکستان عظیم قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا، ہم نے آزادی کی قدر نہیں کی، ہمیں اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے، اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نکال دیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ سپہ سالار نے 10مئی کو ملک کی سمت کا تعین کیا۔ دشمن نے میلی آنکھ اٹھائی تو پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی غیرت مند قوم ہیں، کراچی والے اپنے خون کا نذرانہ دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم اس لیے پیچھے ہیں ہم نے قرآن مجید پر عمل نہیں کیا، آج کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھرمیں مسلمانوں پر ظلم ہورہا ہے۔