ایران نے امریکہ کو واضح کر دیا ہے اس کی ایٹمی ہتھیار بنانے کی خواہش نہیں، اب شدت سے ڈیل چاہتا ہے، یہ بہت آسان ہے بس ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں:امریکی صدر
صدر ٹرمپ امریکی عوام کیلئے ایک اچھی ڈیل کرنے جا رہے ہیں،کوئی بھی ہمیں جلد بازی میں ایک خراب معاہدے کیلئے مجبور نہیں کرسکتا: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے سمیت کئی معاملات پر آمادہ ہوچکا ہے، اب شدت سے ڈیل چاہتا ہے، یہ بہت آسان ہے بس ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، ایران کی فضائیہ اور نیوی کو تباہ کر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران کے میزائل اور ریڈار ختم کر دیئے ہیں، ایران کے رہنما مارے جا چکے، ہم جیت چکے ہیں، ہم ایران سے وہ حاصل کریں گے جو چاہئے، امریکا اور ایران کے درمیان انتہائی مثبت مذاکرات ہوئے ہیں اور اب ایک باقاعدہ معاہدے کے امکانات بہت روشن ہیں۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ ممکن ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل ہو جائے، پہلے بھی ایران کے ساتھ اچھی بات ہوئی تھی لیکن بعد میں وہ بھول گئے، ایران کی پہلے اور دوسرے لیول کی قیادت ماری جاچکی، یہ رجیم چینج ہے۔ادھر عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سفارتی راستے کو ترجیح دیتے ہیں، کوئی بھی ہمیں ایک خراب معاہدے پر جلد بازی میں مجبور نہیں کر سکتا۔ٹومی پگوٹ کا کہنا تھا صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی عوام کیلئے ایک اچھی ڈیل کرنے جا رہے ہیں، ٹرمپ واضح کہتے ہیں ایران کوجوہری ہتھیار حاصل کرنیکی اجازت نہیں دی جا سکتی۔