شدیدمہنگائی‘پنشنروں کا زندہ رہنا محال‘سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد نہ ہوسکا

 مسرور احمد مسرور
الائیڈ بینک کی انتظامیہ نے بینک سے ریٹائرڈ ملازمین کے ساتھ یہ بددیانتی کی کہ انھیں ریٹائرمنٹ کے وقت جو پنشن اور دیگر واجبات ادا کیے وہ ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے ادا کرنے کی بجائے 30 جون 2002 کی تنخواہ کو بنیاد بنا کر دیے گئے جو سراسر بینک انتظامیہ کا بددیانتی پر مبنی اقدام تھا۔ پشاور سے ریٹائرڈ بینک ملازمین نے بینک کے اس غیر اصولی اور غیر قانونی اقدام کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کیا اور کئی سالوں کی جدوجہد کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے الائیڈ بینک کے اصولی موقف کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے بینک کو تمام ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے تمام واجبات اور پنشن ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ کی بنیاد پر ادا کرنے کا حکم صادر کیا۔ بینک انتظامیہ نے پشاور ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیا اور بینک کو فیصلے پرفوری عمل درآمد کا حکم جاری کیا۔ یہ بات ہے 17 جنوری 2020 کی، آج اس فیصلے کو 6 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن فیصلے پر عمل درآمد میں بینک انتظامیہ تاخیری حربے استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ موجودہ شدید ترین مہنگائی کے دور میں پنشنروں کا زندہ رہنا محال ہو گیا ہے۔ آئے دن کسی نہ کسی پنشنر کے دنیا سے رخصت ہونے کی افسوس ناک خبر سننے کو ملتی ہے۔ سپریم کورٹ کو پنشنروں کی تشویش ناک صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین کے حق میں اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کو فوری طور پر یقینی بنانے کا حکم جاری کیا جائے۔الائیڈ بینک ریٹائرڈ ملازمین کی تنظیم نے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں خیرسگالی تقریب ملاقات کا اہتمام کیا جس میں کراچی کے پنشنروں کے علاوہ حیدر آباد، نوابشاہ، میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ملازمین نے شرکت کی، علاوہ ازیں بینک کے سابق سینئر ایگزیکٹیو  اختر علی خان،  سرفراز صدیقی،  عارف منصور اور  جمیل شیخ نے بھی شرکت کی۔حیدرآباد سے دریا خان لغاری، سہیل صدیق لغاری، فتح محمد مغل، غلام مصطفیٰ، منصور احمد شیخ، طارق شیخ اور عبدالغفار میمن اور میرپور خاص سے محمد اشفاق خان نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں موجود ریٹائرڈ ملازمین نے ایک قرارداد کے ذریعے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی توجہ  دلا تے ہوئے بینک کے ریٹائرڈ ملازمین کے حق میں اپنی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد میں غیر ضروری التوا کے معاملے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ الائیڈ بینک ریٹائرڈ ایمپلائیز ایکشن کمیٹی کے عہدیداران ارشاد احمد قریشی، سید بچل شاہ، مسرور احمد مسرور، عبدالحمید، سلامت علی خان، نفیس احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ریٹائرڈ ملازمین کے حق میں فیصلے پر عمل درآمد کروانے کے سلسلے میں اپنی بھرپور کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور انشا اللہ بہت جلد تمام پنشنرز کو ان کا حق ضرور ملے گا۔