وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس جاری

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس جاری

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اہم سیکیورٹی اجلاس جاری ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال اور بھارت کی حالیہ جارحیت پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء، عسکری قیادت، اور اعلیٰ سیکیورٹی حکام شریک ہیں۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں پر کیے گئے حملوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینا اور آئندہ کی جوابی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ نے کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمدپور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ حملے میں 2 معصوم بچے سمیت 31 پاکستانی شہید جبکہ 51 زخمی ہوئے، اور دو مساجد بھی شہید کر دی گئیں۔پاکستان نے اس جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دیا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 جنگی طیارے تباہ کر دیے، جن میں 3 رافیل، 1 مگ-29، 1 ایس یو-30 شامل تھے۔ اس کے علاوہ ایک کومبیٹ ڈرون بھی مار گرایا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے آغاز میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اجلاس میں ممکنہ سفارتی اقدامات، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر معاملہ اٹھانے کے لیے سفارشات بھی زیر غور ہیں۔وزیراعظم نے شرکاء کو ہدایت دی کہ شہری تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔