عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور خطے کو جنگ کی جانب دھکیلنے سے روکے،معاون خصوصی
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ بھارت کا حملہ بزدلی ہے جبکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ اپنے ایک بیان میں طارق فاطمی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے کو غیرذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورخطے میں استحکام و امن کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے پرشفاف تحقیقات کی باضابطہ پیشکش کی تھی مگربھارت نے سفارتی روایات کو نظراندازکرتے ہوئے یکطرفہ اورغیراخلاقی قدم اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہرسطح پرامن کا علمبردار ہے لیکن اگرملکی خودمختاری اورعوام کی جان کو خطرہ لاحق ہو تو اس کا منہ توڑجواب دینا جانتا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور خطے کو جنگ کی جانب دھکیلنے سے روکے۔