نئی دہلی (ویب ڈیسک) : پاکستان کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر بھارت نے ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور احتیاطی تدابیر کے تحت 25 ایئرپورٹس کو 9 مئی تک بند کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بند کیے گئے ایئرپورٹس میں سری نگر، جموں، لیہہ، امرتسر، پٹھان کوٹ، چندی گڑھ، جودھ پور، جیسلمیر، شملہ، دھرمشالہ، جام نگر سمیت کئی حساس اور سرحدی علاقے شامل ہیں۔ یہ فیصلہ پاکستان کی طرف سے ممکنہ فضائی ردعمل کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس کا خدشہ بھارت کی حالیہ میزائل جارحیت کے بعد پیدا ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارتی ایئر لائنز نے اب تک 200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ کئی ایئر لائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر معطل کر دیے ہیں۔ اس صورتحال سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ائیرپورٹس پر افراتفری دیکھی جا رہی ہے۔
بھارتی وزارتِ دفاع اور سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے اب تک سرکاری سطح پر مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان کی ممکنہ فوجی کارروائی سے بچاؤ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔بھارتی حکومت نے فوج، فضائیہ اور نیوی کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا ہے، جب کہ حساس تنصیبات کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔