فوج کی مکمل حمایت کرتے ہیں‘بانی کو فوری رہا کیا جائے پی ٹی آئی کا اعلامیہ

پاک فضائیہ کا ردعمل مودی سرکار کو ہوش میں لانے کیلئے کافی ہے ،امید ہے  بھارت  تسکین کیلئے معاملے کو مزید نہیں بڑھائے گا
 بھارت نے دشمنی کی تسکین کیلئے خود ہی تصادم کا راستہ چنا، پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی:اعلامیہ

اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے بھارتی  بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے  حملہ بھارتی جعلی فلیگ آپریشن کا تسلسل ہے۔ اعلامیے میں مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بانی چیئرمین کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے  جاری  اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حملے سے معصوم شہری شہید ہوئے، یہ حملہ پہلگام میں بھارت کے جعلی فلیگ آپریشن کا نتیجہ ہے۔تحریک انصاف کے مطابق بھارتی بیانات مسلسل جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتے ہیں، بھارت تاحال اپنے دعوے ثابت کرنے کیلئے کوئی معتبر ثبوت نہیں لا سکا، پاکستان کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات پر بھی بھارت آمادہ نہ ہوا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے دشمنی کی تسکین کیلئے خود ہی تصادم کا راستہ چنا۔ تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی، پاک فضائیہ کا ردعمل مودی سرکار کو ہوش میں لانے کیلئے کافی ہے۔تحریک انصاف نے امید ظاہر کی کہ بھارت جنگی جنون کی تسکین کیلئے معاملے کو مزید نہیں بڑھائے گا۔ اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ دو جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ تباہ کن انجام لاسکتی ہے۔