فوج نے حملے کا جواب دے کرچاند رات بنا دی‘جو کہتے تھے پاکستانی روایتی جنگ میں پیچھے ہے، ان کے ہوش ٹھکانے آگئے:شہبازشریف

وقت اور مقام ہمارا‘بھرپور جواب دینگے فوج کو حملے کا مکمل اختیار قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے
بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید ‘ 46 زخمی ہوئے، نیلم جہلم ہائیڈرو پارکس پراجیکٹ کو بھی  نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا گیا‘، بھارت کی غلط فہمی کو  جلد ٹھیک کردیا جائے گا:ترجمان پاک فوج
پاکستان امن، عزت و وقار کے ساتھ رہنے کے عزم پر قائم ہے ، اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت یا اپنے فخر سے بھرپور عوام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا: قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری
   بھارتی فوج کی  ایل او سی پر سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ ، 4 شہری شہید‘پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائیاں،  بھارت کی کئی پوسٹیں تباہ‘ بھارتی فوجی پوسٹ چھوڑ کر فرار ‘ّجنگ روکنے کیلئے سفید جھنڈے لہرا دیئے

ہم نے احتیاط سے کام لیا ورنہ بھارت کے 5 کے بجائے 10 طیارے گرتے، اپوزیشن کے ساتھیوں سے اپنے چیمبر میں ملنے کو تیار ہوں، اس موقع پر دنیا کو پیغام دینا چاہیے  ہم سب ایک ہیں:وزیراعظم کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

  اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک )  قومی سلامتی کمیٹی نے  بھارتی جارحیت کو  پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار د یتے ہوئے دوٹوک  الفاظ میں واضح کیا ہے کہ  پاکستان اپنے دفاع کے لیے مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے تاکہ بے گناہ پاکستانیوں کے قتل اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کا بدلہ لیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے مسلح افواج کو مناسب کارروائی  کا مکمل اختیاردیدیا ہے،  پوری قوم مکمل طور پر متحد اور پرعزم ہے کہ اگر مزید کوئی جارحیت ہوئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔  وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت  بدھ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گزشتہ رات کی بھارتی جارجیت اور پاک فوج کے دندان شکن جواب اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔وفاقی وزرا، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اجلاس میں شریک تھے، اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ حالات کے حوالے سے کمیٹی کو بریف کیا گیا۔اجلاس کے بعد  جاری اعلامیہ میں  کہا گیا ہے کہ   اجلاس میں بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے بلااشتعال، بزدلانہ اور غیرقانونی جارحانہ اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر غور کیا۔6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختار سرزمین پر مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے، جن کے نشانے پر پنجاب کے شہروں سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے اور بہاولپور کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے علاقے کوٹلی اور مظفرآباد شامل تھے۔ یہ بلاجواز اور بلااشتعال حملے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جن کا بہانہ خیالی دہشت گرد کیمپوں کی موجودگی بنایا گیا۔ ان حملوں میں معصوم مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے، مساجد سمیت شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ بھارت کی اس جارحیت نے برادر خلیجی ممالک کی کمرشل پروازوں کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیا، جس سے ہزاروں مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔ علاوہ ازیں، نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو بھی جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، جو بین الاقوامی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔قومی سلامتی کمیٹی نے ان غیرقانونی اقدامات کی شدید مذمت کی اور انہیں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جو بین الاقوامی قانون کے مطابق جنگی اقدام کے مترادف ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ  بھارتی افواج کی جانب سے شہریوں، خصوصا خواتین و بچوں، کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک سنگین اور شرمناک جرم ہے، جو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قوانین کی تمام حدود پامال کرتا ہے۔پاکستان بھارتی الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا رہا ہے جن میں اس کی سرزمین پر دہشت گرد کیمپوں کی موجودگی کا دعوی کیا جاتا ہے۔  پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے بھرپور کارروائیوں میں دشمن کی ایل او سی پر کئی پوسٹوں کو تباہ کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت  کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور پاک فوج نے چری کوٹ کے بالمقابل  جبڑی پوسٹ کو بھی تباہ کردیا   ۔پاکستانی کارروائی کے نتیجے میں پوری پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس پر بھارتی فوج کے جوان بھاگنے پر مجبور  ہوگئے۔بھارتی فوج کی ایل او سی پر سول آبادی پر بلااشتعال اور جارحانہ فائرنگ سے   چار عام شہری شہید  ہوگئے ‘ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارتی حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں، نیلم جہلم ہائیڈرو پارکس پروجیکٹ کو بھی  نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا گیا ،ہماری مسلح افواج نے دشمن کو چند لمحوں بعد ہی منہ توڑ جواب دیا اور دے رہی ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مارگرایا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو اس وقت گرایا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا، بھارت کی جانب سے بلاثبوت الزامات عائد کیے جاتے ہیں، پاک فضائیہ کے تمام طیارے، دفاعی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں،ایل او سی پر بھی  بلااشتعال فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا گیا،  بھارت نے پاکستان کی جری قوم کو للکارا ہے، بھارت کی غلط فہمی کو یقینا جلد ٹھیک کردیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بدھ کو  پریس کانفرنس   میں   بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد قوم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا  کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی سب بزدلانہ تاریخ دہرائی، مختلف مقامات پر حملوں میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق احمدپور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، 13 شہادتیں ہوئیں، شہدا میں 3 سال کی 2 بچیاں، 7 خواتین، 4 مرد شامل ہیں، ان حملوں میں 31 شہری زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 4 فیملی کواٹرز کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے کہ مظفر آباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، یہاں بھارت کی جانب سے 7 حملے کیے گئے، اس میں 3 پاکستانی شہید ہوئے، ایک بچی زخمی ہوئی جبکہ ایک مسجد شہید ہوئی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہاں پر 5 سٹرائیکس ہوئیں جس میں 2 افراد شہید ہوئے ہیں جن میں 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ لڑکا شامل ہے جکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہوئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ مریدکے میں مسجد ام القری کو نشانہ بنایا گیا، یہاں 4 سٹرائیکس کی گئیں جس میں 3 مرد شہید اور ایک زخمی ہوا ہے، یہاں پر 2 شہری لاپتا ہیں، مسجد کو شہید کیا گیا ہے اور اردگرد کواٹرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں گائوں میں 2 سٹرائیکس کی گئیں، ایک گولہ مس فائر ہو گیا اور ایک اوپن فیلڈ میں گرا ہے، یہاں پر کوئی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثناء قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیا ل کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے 5 طیارے گرانے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کو سلام  پیش کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کو اپنے رافیل طیاروں پر بہت ناز تھا، پاک فضائیہ کے عقاب جھپٹے اور آناً فاناً 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔وزیراعظم نے کہا کہ کل کیے گئے حملے میں بھارت کے 80 جہاز شریک تھے، ہم نے احتیاط سے کام لیا ورنہ بھارت کے 5 کے بجائے 10 طیارے گرتے، جو کہتے تھے پاکستانی روایتی جنگ میں پیچھے ہے، کل رات ان کا ہوش ٹھکانے آگیا۔اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے اپوزیشن کو بھی بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھیوں سے اپنے چیمبر میں ملنے کو تیار ہوں، اس موقع پر دنیا کو پیغام دینا چاہیے کہ ہم سب ایک ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے مکروہ حملے کا جواب دے کر اس تاریک رات کو چاند رات بنا دیا، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے بھارت کے ساتھ تانے بانے ملتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے اس دوست ملک کے سفیر کو بلا کر ڈیمارش کیا جس نے ہماری پیش کش کی حمایت کی، بھارت کو جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی توفیق نہیں ہوئی، بھارت میں جعفر ایکسپریس واقعے پر مذاق اڑایا  گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ 24 کروڑ عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ہماری فوج 24 گھنٹے تیار تھی، بھارت نے جو طیارے خریدے تھے ان پر اس کو بہت ناز تھا، چند دن پہلے بھارت کے رافیل طیارے اڑے ہماری ایئر فورس نے ان کی کمیونی کیشن لاک کر دی۔