سوشل میڈیا پوسٹس پر عمران خان سے بات کروں گا: بیرسٹرگوہر

جے آئی ٹی نے کچھ سوشل میڈیا پوسٹس دکھائیں، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں‘ کسی سے خلیج نہیں چاہتے

اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے  پی ٹی آئی رہنمائوں کی ریاست مخالف سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق عمران خان سے بات کروں گا۔ایک انٹرویو میں  انہوں  نے  کہا کہ  ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، کسی بھی ادارے کے ساتھ خلیج نہیں چاہتے۔کیا آپ نے بھی کوئی ریاست مخالف پوسٹ کی ہے؟ اس سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے سوشل میڈیا اکانٹ سے اداروں کے خلاف پوسٹ نہیں کی، مجھ سے ملاقات اور پوچھ گچھ خوشگوار ماحول میں ہوئی، جے آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پارٹی کے پلیٹ فارم پر ڈسکس کریں گے۔انہوں  نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق سوالات پر بانی تحریک انصاف سے بھی ڈسکس کریں گے، مجھے کچھ سوشل میڈیا پوسٹس دکھائی گئیں، ان پوسٹس کے حوالے سے پارٹی اور بانی چیئرمین سے بات کروں گا۔