سوشل میڈیا پر ہر چیز سچ نہیں ہوتی‘مجھ سے منسوب پوسٹس جعلی ہیں:فضیلہ قاضی

 سوشل میڈیا کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کی تصویر کے ساتھ کچھ بھی لکھ دیں،میرے حوالے سے تبصرے بند کریں
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے خود سے منسوب زیرِ گردش بیان کو جھوٹا قرار دے دیا۔ انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے زیرِ گردش بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دے دیا۔اداکارہ نے ویڈیو پیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مجھ سے منسوب پوسٹس شیئر اور ری شیئر ہو رہی ہیں، جن سے میرا کوئی تعلق نہیں اور ان سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہوں، جنہوں نے مذکورہ پوسٹس شیئر کی ہیں۔انہوں نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا اور شوہر وکیل ہیں، جن سوشل میڈیا پیجز نے مجھ سے منسوب جھوٹے بیان لگائے ہیں اگر انہیں فوری حذف نہ کیا گیا تو میں انہیں نوٹس جاری کروں گی، کیونکہ سوشل میڈیا کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کی تصویر کے ساتھ کچھ بھی لکھ دیں۔انہوں نے کہا کہ براہِ مہربانی فضول باتوں کو فلٹر کرنا سیکھیں، سوشل میڈیا پر ہر چیز سچ نہیں ہوتی، میں نے ایسا کچھ نہیں کہا، اس لیے میرے حوالے سے تبصرے کرنا بند کریں۔