ریاست مخالف پروپیگنڈا بیرسٹر گوہر ‘ رؤف حسن اور شاہ فرمان جے آئی ٹی میں پیش 22رہنما غیر حاضر

  تحریک انصاف کے طلب کردہ افراد سے سوشل میڈیا ہینڈلر سے متعلق سوالات کئے گئے، پاک فوج اور ریاستی اداروں سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس پر سخت سوالات ہوئے
  سوشل میڈیا پر پوسٹس سے متعلق سب کچھ دکھایا گیا،  پارٹی فنانسنگ سے متعلق بھی سوالات ‘ جے آئی ٹی میں پیش نہ ہونے والوں کیخلاف کیخلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ 
اسلام آباد(آئی این پی)سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملہ پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے،اندرونی کہانی سامنے آگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے   تحریک انصاف کے طلب کردہ افراد سے سوشل میڈیا ہینڈلر سے متعلق سوالات کیے گئے، پاک فوج اور ریاستی اداروں سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس پر سخت سوالات ہوئے۔ رہنمائوں کو سوشل میڈیا پر پوسٹس سے متعلق سب کچھ دکھایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر و دیگر سے پارٹی فنانسنگ سے متعلق بھی سوالات پوچھے گئے جبکہ جے آئی ٹی نے پیش نہ ہونے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر، روف حسن اور شاہ فرمان اور تحریک انصاف کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے دو لوگ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، عالیہ حمزہ اور کنول شوذب کی جانب سے ان کے وکیل ڈاکٹر علی عمران جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے،دونوں کی آج کی مشروط حاضری قبول کر لی گئی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جے آئی ٹی نے ہدایت کہ ہے کہ آئندہ طلبی پر دونوں خواتین رہنما ہر صورت پیش ہوں جبکہ فنانس ٹیم نے تحریک انصاف کی فنڈنگ سے متعلق تمام ریکارڈ جے آئی ٹی کو پیش کر دیا، پیش ہونے والے تمام لوگوں سے انفرادی تحیقات کی گئیں۔ بعد ازاں اپنی گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، کسی بھی ادارے کے ساتھ خلیج نہیں چاہتے، جے آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پارٹی کے پلیٹ فارم پر ڈسکس کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق سوالات پر بانی پی ٹی ائی سے بھی ڈسکس کریں گے۔