ایک سائیکو مراد سعید نے پارٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے،ہم سب خاموش ہیں، شاہ فرمان کا واٹس ایپ پیغام لیک ہوگیا

تحریک انصاف میں اختلافات ،الزام تراشی 
 مزید خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی:سابق گورنر خیبر پختونخواہ ، نازک موڑ پر پارٹی کو اندرونی خلفشار اور الزام تراشی سے بچانا سب سے بڑی ضرورت ہے ،کارکن کسی بھی منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں: زلفی بخاری کی ہدایت 
پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، جہاں سابق گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے پارٹی کے کور کمیٹی واٹس ایپ گروپ میں سخت پیغام دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مراد سعید پر پارٹی کو یرغمال بنانے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ شاہ فرمان نے پارٹی گروپ میں پیغام ارسال کرتے ہوئے مراد سعید کو سائیکو یعنی ذہنی مریض قرار دیا اور کہا کہ ایک شخص نے پوری پارٹی کو یرغمال بنایا ہوا ہے جبکہ باقی سب خاموش بیٹھے تماشا دیکھ رہے ہیں، اس صورتحال پر مزید خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔سابق گورنر نے اپنے پیغام میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے جنوری 2025ء میں عاطف خان، جنید اکبر، علی زمان اور مشعال کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اس تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا تھا اور پارٹی کے اندرونی معاملات سے متعلق سب کچھ بتا دیا تھا۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زلفی بخاری نے حالیہ سیاسی کشیدگی اور پارٹی کے اندرونی حالات کے سلسلے میں سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رہنماؤں اور کارکنوں کو اہم پیغام جاری کردیا، جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس نازک موڑ پر پارٹی کو اندرونی خلفشار اور الزام تراشی سے بچانا سب سے بڑی ضرورت ہے کیونکہ مخالفین اور موجودہ رجیم یہی چاہتی ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو آپس میں لڑا کر ایک ایک کرکے کمزور کیا جائے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ایسے منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور نہ ہی مراد سعید، سہیل آفریدی یا پارٹی کے کسی بھی دوسرے رہنماء کے خلاف شروع کیے جانے والے الزام تراشی کے جال میں پھنسیںانہوں نے کہا کہ یہ سارا بیانیہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ پارٹی کے اندر دراڑیں ڈالی جا سکیں، موجودہ حکومت اور ریاستی مشینری کا بنیادی ہدف یہی ہے کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں انتشار پھیلا کر اس کے اتحاد کو پارہ پارہ کر دیا جائے، اس لیے تمام کارکنوں کو اس پروپیگنڈے کو بھانپتے ہوئے انتہائی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت ذاتی رنجشوں، الزام تراشیوں اور بے بنیاد تنقید کا وقت نہیں ہے بلکہ تمام تر توانائیاں پارٹی کے اجتماعی مفاد اور بقا کے لیے صرف ہونی چاہئیں، جو لوگ اس قسم کی الزام تراشی اور الزام بازی کے کھیل کے ذریعے پارٹی میں مزید تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان پر گہری نظر رکھی جائے کیونکہ وہ نادانستہ یا دانستہ طور پر موجودہ رجیم کے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔زلفی بخاری نے تمام کارکنوں عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ انتہائی کٹھن حالات میں بھی ہمت نہ ہاریں اور اپنے قائدین، پارٹی اور ساتھیوں کے ساتھ مکمل وقار، متانت، غیر متزلزل وفاداری اور آہنی اتحاد کا مظاہرہ کریں، مخالفین کی سب سے بڑی طاقت ہمیں تقسیم کرنا ہے، ہمارا سب سے بڑا دفاع اور کامیابی کا واحد راستہ صرف اور صرف باہمی اتحاد ہے، اگر ہم نے اس نازک مرحلے پر اتحاد کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا تو یہ مخالفین کی سب سے بڑی فتح ہوگی۔