لاہور کے مختلف علاقوں نواں کوٹ، شاہدرہ اور کوٹ لکھپت سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تینوں افراد نشے کے عادی تھے اور مبینہ طور پر نشے کی زیادتی کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق نواں کوٹ کے علاقے کوٹ کمبوہ مغل پیر قبرستان سے تقریباً 35 سالہ شخص کی لاش ملی۔ دوسری جانب شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ کے قریب سے 50 سالہ نامعلوم شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔اسی طرح کوٹ لکھپت میں کچا جیل روڈ کے قریب سے 45 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ ریسکیو اور ایدھی حکام کے مطابق تینوں افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کردیا جائے گا۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔