چین کے محکمہ موسمیات نے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کے ایک نئے سلسلے سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں بارشوں کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس سے متعدد علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق جنوبی خطوں میں آئندہ دس روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر مجموعی بارش 400 ملی میٹر (16 انچ) سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ بدھ سے اتوار کے دوران بارشوں کی شدت اپنے عروج پر پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل اور شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ زرعی زمینوں کو نقصان پہنچنے اور فصلوں، خصوصاً چاول کی پیداوار متاثر ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے اثرات غذائی رسد اور زرعی معیشت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب حکام نے ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔