پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں محتاط رویہ غالب رہا اور حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھ گیا۔
بازارِ حصص کے دوران بینچ مارک KSE-100 Index میں 1446 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس گر کر 1 لاکھ 69 ہزار 32 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ کاروبار کے دوران انڈیکس 1 لاکھ 68 ہزار 432 پوائنٹس کی کم ترین سطح اور 1 لاکھ 69 ہزار 254 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کے درمیان اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی تھی، جب KSE-100 انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار 478 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر مارکیٹ میں منفی رجحان غالب رہا۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں یہ دباؤ ممکنہ طور پر عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کی منافع خوری اور سیاسی و معاشی عوامل کے باعث دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قلیل مدت میں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے، تاہم طویل مدت کے لیے رجحان کا انحصار ملکی معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے اعتماد پر ہوگا۔تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو اس وقت محتاط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، کیونکہ مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔