پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن میں لاہور، گجرات، جہلم اور ان کے گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خانیوال، چیچہ وطنی، بھلوال، چنیوٹ اور حافظ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ان علاقوں کے رہائشی خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے اور کلمے کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔تاہم، ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ محکمہ موسمیات اور مقامی حکام اس وقت صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔