امریکی یومِ آزادی کے ڈھائی سو سالہ جشن کے موقع پر سفارتخانے میں شاندار تقریب کا انعقاد

امریکی جمہوریت کے ڈھائی صدیوں کے سفر کی تکمیل اور پاکستان اورامریکہ کے مابین دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین
 ہماری بہترین کامیابیاں ہمارا ماضی نہیں بلکہ وہ منزل ہے جہاں ہم ساتھ چلیں گے،نیٹلی بیکر کا کلیدی خطاب‘موسیقی وآتشبازی
 اسلام آباد(آن لائن)ریاستہائے متحدہ امریکہ کی آزادی کو ڈھائی سو سال مکمل ہونے کے حوالے سے جشن کے موقع پر فریڈم کے عنوان سے پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے ہفتے کی رات ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر امریکی جمہوریت کے ڈھائی صدیوں کے سفر کی تکمیل اور پاکستان اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے مابین دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یہ تقریب فریڈم کے عنوان سے سال بھر جاری امریکی یومِ آزادی کے جشن کا حصہ اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور کثیرالجہتی تعلقات کی واضح عکاسی کرتی تھی ۔ پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمان فریڈم ٹو ففٹی کے جشن میں شریک ہوئے، جن میں سرکاری حکام ، کاروباری شخصیات ، سول سوسائٹی کے نمائندے، تعلیمی ماہرین اور ثقافتی شخصیات شامل تھیں۔ سفارتخانے میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مہمانوں کی شرکت نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی وسعت اور جوش و خروش کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو ایک ایسی شراکت داری ہے جس کی جڑیں مشترکہ مفادات، باہمی احترام اور دونوں ملکوں کے عوام کے لیے زیادہ محفوظ اور خوشحال مستقبل کے قیام کے عزم میں پیوست ہیں۔تقریب سے اپنے کلیدی خطاب میں مشن پاکستان کی امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے فریڈم کی شاندار اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزادی کے ڈھائی سو برس کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب نہ صرف امریکی تاریخ کے ایک اہم سنگِ میل کا، بلکہ آزادی، جمہوریت اور اشتراک کی ان مشترکہ اقدار کا جشن بھی ہے جو پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ کے قیام کے تصورات کو اجاگر کیا کہ کیسے وہ آج تک دنیا بھر میں لوگوں اور اقوام کے لیے باعثِ ترغیب ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے ساتھ پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان دوستی کے سال کی خوشی بھی منا رہے ہیں اور ہم مستقبل میں مِل جل کر بہت کچھ بنانے جا رہے ہیں۔ ہماری بہترین کامیابیاں ہمارا ماضی نہیں بلکہ وہ منزل ہے جہاں ہم ساتھ چلیں گے۔تقریب میں امریکی میرین کور کے کلر گارڈ کی جانب سے پرچم پیش کیے گئے جبکہ پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی بجائے کیے گئے۔ بعد ازاں امریکی فضائیہ کی سینٹرل کمانڈ کے بینڈ نے موسیقی کے سر بکھیرے ۔اس پروقار تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا جس نے اسلام آباد کی فضا کو روشن کر دیا۔ یہ خوبصورت منظر امریکہ کی دو سو پچاسویں سالگرہ کے موقع پر خراجِ تحسین کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کی جانب سے باہمی طور پر تعمیر کیے جانے والے روشن مستقبل کی علامت بھی تھا ۔واضح رہے کہ فریڈم ریاستہائے متحدہ امریکہ کے اعلانِ آزادی پر دستخط کے دو سو پچاس سال مکمل ہونے کی یاد میں دنیا بھر میں امریکی سفارتی مشنز کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی سال بھر کی تقریبات کا سلسلہ ہے۔ صدر ٹرمپ نے امریکی عظمت کے ایک نئے دور کے عنوان سے مذکورہ قومی جشن کا افتتاح کیا اور بعد ازاں دنیا بھر میں امریکہ کے سفارتخانے اور قونصلیٹ اِس جذبے کو مختلف تقریبات کے ذریعے اجاگر کرنے میں مصروف عمل ہیں۔