پنجاب اسمبلی کا 42 واں اجلاس آج ہوگا، ایجنڈا جاری

لاہور(آئی این پی )پنجاب اسمبلی کا 42 واں اجلاس آج (پیرکو) منعقد ہوگا جس کا باقاعدہ ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق 42 ویں اجلاس کی پہلی نشست آج دوپہر 2 بجے شروع ہوگی، اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کریں گے۔جاری ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں محکمہ بورڈ آف ریونیو پوچھے گئے سوالات کے جوابات دے گا، ارکان اسمبلی ایوان میں توجہ دلا نوٹسز پیش کریں گے، اجلاس میں 5 تحریک التوا کار زیر بحث آئیں گی۔پنجاب فوڈ سیفٹی لا(ترمیم ) آرڈیننس 2026، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی(ترمیم) آرڈیننس 2026 بھی پیش کیا جائے گا۔ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں 10 نئے مسودہ قوانین پیش ہوں گے، اجلاس میں 2 مسودہ قوانین منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے، ارکان اسمبلی اہم نوعیت کے عوامی معاملات اٹھائیں گے۔