علیمہ خان نے کارکنوں کو دھرنے میں آنے سے روکدیا

آئندہ بہنوں کے سوا کوئی نہ آئے،ملاقات کے لئے جن کے نام ہوں وہ آئیں
ہماری تحریک ملاقات نہیں ،حقوق بحال ہونگے تو ہماری ملاقاتیں بھی ہونگی: علیمہ خان
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )انی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی کال کے باوجود انتہائی کم تعداد میں کارکن اڈیالہ جیل کے قریب پہنچے ،پولیس نے فیکٹری ناکے سے آگے رکاوٹیں لگا کر کارکنوں کو آگے جانے سے روک اور بھاری نفری تعینات کردی،اس موقع پر عمران خان کی بہنوں اور کارکنوں نے ملاقات نہ ہونے پر فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا ، علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنوں میں کارکنوں کو نہ بلانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ آئندہ ہم تین بہنوں کے سوا کوئی بھی اڈیالہ جیل نہیں آئے گا، ملاقات کے لیے جن رہنمائوں کے نام ہوں گے وہ بیشک اڈیالہ آئیں آئندہ صرف 3 بہنیں اڈیالہ جیل آئیں گی،علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے آج اپنا لائحہ عمل دے دیا ہے، جو کارکن یہاں آتے رہے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے سٹریٹ موومنٹ کے پیغامات پہلے آچکے ہیں، بانی کے ایکس اکائونٹ پر سٹریٹ موومنٹ کودوبارہ اجاگر کیا جائے گا، پارٹی لیڈر اپنے اپنے اضلاع میں سٹریٹ موومنٹ کو لیڈ کریں گے اور پریشر بنائیں گے، پارٹی قیادت پر اب یہ فرض ہے کہ حکومت پر دبائو بڑھائے، ہماری تحریک بانی سے ملاقات کی نہیں حقوق کی بحالی ہے،بانی کے حقوق بحال ہوں گے تو اس میں ہماری ملاقاتیں ہوں گی۔