یاتریوں کی پاکستان آمد میں رکاوٹ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے: وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی کی قائمہ کمیٹی کوبریفنگ
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کو وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے آگاہ کیا ہے بابا گرونانک کے جنم دن کی مناسبت سے بھارت نے اپنی سکھ برادری کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے، جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لیے ہر قسم کی سہولیات مہیا کی ہیں اور دنیا کے دیگر ممالک سے یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں۔اجلاس کمیٹی کی قائمقام چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی صدارت میں جمعہ کو منعقد ہوا۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک ہیں، جبکہ گزشتہ اجلاس سیلابی صورتحال کے باعث نہ ہو سکا تھا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ساجد محمود چوہان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ حج میں ادائیگی کے باوجود نہ جا سکنے والے عازمین کو ترجیح دی جا رہی ہے اور اب تک ایسے 21 ہزار افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قائمہ کمیٹی کا اجلاس قانون کے مطابق نہیں ہو سکتا۔